طاغوتی طاقتوں کے کٹر دشمن ؛ ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر کیا اسرائیل نے گرایا؟
یہ 19 مئی 2024ء کی صبح تھی جب ایران کے صدرابراہیم الرئیسی سد قیز قلعہ سی نامی ڈیم پر پہنچے۔یہ ڈیم ایران اور آذربائیجان کی سرحد پر تعمیر ہو رہا ہے۔ایرانی صدر اس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے آئے تھے۔ اس میں آذربائیجانی صدر،الہام علیوف بھی شرکت کر رہے تھے۔تقریب ختم ہوئی تو ایرانی صدر اپنے ہیلی کاپٹر میں جا بیٹھے۔ساتھ ایرانی وزیرخارجہ اور دیگر تین ساتھی بھی تھے۔ہیلی کاپٹر کا عملہ تین افراد پہ مشتمل تھا۔ایرانی وفد کے بقیہ ارکان دو اورہیلی کاپٹروں میں سوار ہوئے۔ تینوں ہیلی کاپٹروں نے تبریز جانا تھا جہاں صدر ابراہیم نے ایک آئل ریفائنری کے منصوبے کا افتتاح کرنا تھا۔ جدید ٹیکنالوجی کا شاخسانہ دوران راہ ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر پْراسرار انداز میں ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں ہیلی کاپٹر پہ سوار سبھی مسافر ہلاک ہو گئے۔ سرکاری طور پہ بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر موسم کی خرابی کے باعث تباہ ہوا۔معنی یہ کہ علاقے میں بہت دھند تھی اور ہیلی کاپٹر کا عملہ پہاڑی مقام نہ دیکھ سکا۔لہذا ہیلی کاپٹر چٹانوں سے جا ٹکرایا ۔گویا سرکاری لحاظ سے یہ ایک حادثہ قرار پایا۔ مگر بہت سے ماہرین کا خیا...